5 اگست 2019 - 13:56
پاکستان نے بھارت کو جارحیت کی صورت میں منہ توڑ جواب دینے کی دھمکی دی

پاکستان کے نیلم علاقہ میں بھارت کی جانب سے کلسٹر بم حملے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان صورتحال کشیدہ ہوگئي ہے اور پاکستان نے بھارت کو جارحیت کی صورت میں منہ توڑ جواب دینے کی دھمکی دی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے نیلم علاقہ میں بھارت کی جانب سے کلسٹر بم حملے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان صورتحال کشیدہ ہوگئي ہے اور پاکستان نے بھارت کو جارحیت کی صورت میں منہ توڑ جواب دینے کی دھمکی دی ہے۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا ہے۔ جس میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، وزیردفاع پرویز خٹک، وزیر داخلہ اعجاز شاہ، وزیراعظم آزاد کشمیر، وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، ایئرچیف، نیول چیف سمیت ڈی جی آئی ایس آئی نے شرکت کی۔
وزیراعظم کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں بھارتی فوج کے کشمیر میں کلسٹر بم کے استعمال کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر غور کیا گیا۔ اجلاس کے اعلامیہ کے مطابق شہری آبادی پر کلسٹر بموں کا استعمال پاکستان کو اشتعال دلانے کی سازش ہے تاہم کسی بھی بھارتی جارحیت کی صورت میں پاکستان منہ توڑ جواب دے گا، پاکستانی قوم متحد ہے اور اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا جب کہ پاکستان کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے ذریعے چاہتا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169